پاکستانی خاندان کا قتل مغربی ممالک میں بڑھتے اسلامو فوبیا کی مثال ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی خاندان کا قتل مغربی ممالک میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کی مثال ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کینیڈا میں پاکستانی خاندان کے قتل کیے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں مسلمان پاکستانی نژاد کینیڈین خاندان کے قتل کا سن کر بہت افسوس ہوا، دہشت گردی کی یہ قابل مذمت حرکت مغربی ممالک میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کی مثال ہے، بین الاقوامی برادری کے ذریعہ اسلاموفوبیا کا مجموعی طور پر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ کینیڈا کی ریاست اونٹاریو کے شہر لندن میں ایک 20 سالہ نوجوان نیتھینیل ویلٹمین نے مسلمان خاندان پر ٹرک چڑھا دیا جس کے نتیجے میں اس خاندان کے چاروں افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک 9 سالہ بچہ شدید زخمی ہوگیا۔