پی ڈی ایم جماعتوں نے نگراں وزیراعظم کی تقرری کا اختیار شہباز شریف کو دے دیا
اسلام آباد: حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں نے شہباز شریف کو نگراں وزیراعظم کی تقرری کا اختیار دے دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں نگران حکومت کی تشکیل کیلیے اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس ہوا، جس میں مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری، اختر مینگل، شاہ زین بگٹی، خالد مقبول صدیقی، اسلم بھوتانی اور محسن داوڑ سمیت دیگر شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں نگراں حکومت اور وزیراعظم کے لیے مختلف ناموں پر غور کیا گیا جبکہ حکومتی جماعتوں نے شہباز شریف کو نگراں وزیراعظم کی تقرری کا اختیار دے دیا۔
اتحادی جماعتوں نے وزیر اعظم پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا اتحادی جماعتوں نے آئی ایم ایف پروگرام پر وزیر اعظم کے اقدامات کو سراہا۔
اتحادی جماعتوں نے پندرہ ماہ کی حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا. نگران سیٹ اپ کے لیے اتحادی جماعتوں نے تجاویز بھی پیش کیں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نگران وزیراعظم کے لیے مجوزہ ناموں پر غور کیا گیا جس کے بعد اتحادی جماعتوں نے اس حوالے سے مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ دی تھی۔ زرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف 8 اگست کو اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض سے مشاورت کریں گے. جس کے بعد فیصلہ سامنے آئے گا۔