یہ امپائر کو ملا لیں تب بھی پنجاب کے ضمنی انتخابات نہیں جیت سکتے، عمران خان
چیچہ وطنی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان نے پنجاب کے 20 اضلاع میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ امپائر کو ملا لیں تو بھی نہیں جیت سکتے، الیکشن والے دن مجھے ہر پولنگ اسٹیشن پر 10-10 نوجوان چاہیں۔
چیچہ وطنی میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن لوٹوں کو جتانے کی کوشش کررہا ہے، ہم انہیں دھاندلی نہیں کرنے دیں گے، 17 جولائی کو 20 میں سے 20 نشستیں جیتیں گے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو مخاطب کرکے کہا کہ حمزہ سن لو! تم اور تمہارے خاندان نے ایک کام بھی ایمانداری سے نہیں کیا، انہوں نے ساری زندگی کرپشن سے دو نمبر پیسا بنایا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے دور میں انڈسٹری نے ترقی کی اور کسانوں کو سب سے زیادہ فائدہ ہوا، یہ حکمرانی بیرونی سازش کے تحت ہم پر مسلط کی گئی ہے، موجودہ حکمرانوں نے مہنگائی آسمان پر اور معیشت زمین پر گرادی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی نا منظور اور ان کے لوٹے بھی نامنظور، اب الیکشن کمیشن بے ضمیر ہوگیا اور ان کے ساتھ مل کر دھاندلی کررہا ہے، قوم لوٹوں کو بھی سمجھ گئی ہے اور مولانا فضل الرحمان کو بھی سمجھ گئی ہے۔