عوام کے تحفظ اور سکیورٹی کیلیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، آرمی چیف
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ عوام کے تحفظ اور سکیورٹی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کی 54 ویں کانوکیشن تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ آرمی چیف کی آمد پر کالج کے نائب صدر پروفیسر شعیب شافی نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف نے کامیاب گریجویٹس میں اسناد اور میڈلز تقسیم کیے۔ آرمی چیف کالج کی اعزازی فیلوشپ سے بھی نوازا گیا۔
کامیاب گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے آرمی چیف نے کالج کے ڈاکٹروں اور فزیشنز کے لیے اسپیشلائزیشن میں کردار کو سراہا۔ آرمی چیف نے کورونا وبا کے دوران میڈیکل کمیونٹی کے بطور صف اول کے جنگجو کے کردارکی بھی تعریف کی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ڈاکٹرز اور ہیلتھ کیئر عملہ ہمارے ہیروز ہیں جنہوں نے چیلنجز کے باوجود کورونا وبا میں عوام کی بھرپور خدمت کی، ڈاکٹروں اور ہیلتھ کیئر ورکرز نے دن رات انتھک کام کئی قیمتیں جانیں بچائیں، قوم ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ آرمی میڈیکل کور کی قومی ہیلتھ کیئر سسٹم میں اہم خدمات ہیں۔
آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے تحفظ اور سکیورٹی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔