وزیراعظم نے قومی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرلیا
اسلام آباد: وزیراعظم نے افغانستان کی صورتحال پر قومی سلامتی کونسل کا اجلاس کل طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کونسل کا اجلاس کل طلب کرلیا ہے جس میں وفاقی وزرا سمیت عسکری حکام بھی شرکت کریں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں افغانستان کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ طالبان جلال آباد اور مزار شریف کو فتح کرنے کے بعد کابل کے مضافات میں داخل ہوگئے جب کہ ترجمان طالبان نے دارالحکومت میں پُرامن طریقے سے داخل ہونے اور عام معافی کا اعلان کیا ہے دوسری جانب صدارتی محل میں اقتدار کی منتقلی اور عبوری حکومت کے قیام پر مذاکرات جاری ہیں جس میں اشرف غنی حکومت چھوڑنے کو تیار ہوگئے ہیں۔
اس کے علاوہ چمن سے متصل باب دوستی گیٹ کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد اب طالبان نے طور خم بارڈر پر بھی مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ طالبان نے کنٹرول حاصل کرنے کے بعد بارڈر بند کر دیا ہے۔