مریم نواز نے آزاد کشمیر الیکشن میں مبینہ دھاندلی کی ویڈیو شیئر کردی
اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے آزاد کشمیر کے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کی ویڈیو کا سوشل میڈیا پر اشتراک کردیا۔
مریم نواز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فارورڈ کہوٹہ کے علاقے شیخ سولی پرائمری اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن میں مبینہ طور پر دھاندلی کی ویڈیو شیئر کی۔ انہوں نے ساتھ میں لکھا کہ یہ پولنگ عملے کی ویڈیو ہے جو پاکستان تحریک انصاف کے حق میں بیلٹ پر ٹھپے لگارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی کام برابر میں لڑکیوں کے اسکول میں بنے پولنگ اسٹیشن پر بھی ہوا۔
مریم نواز نے بتایا کہ یہ ویڈیو فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے ایک اہلکار نے بنائی جو پولنگ عملے کو دھاندلی سے روک رہا تھا۔ ویڈیو میں ایف سی اہلکار جب پولنگ عملے کو دھاندلی سے روکتے ہوئے کہتا ہے کہ یہ غیر قانونی کام ہورہا ہے، یہ مناسب اور ٹھیک نہیں، اگر کسی نے ہم سے پوچھا کہ آپ کیا کررہے تھے تو ہم کیا جواب دیں گے۔
اس پر پولنگ عملہ اس سیکیورٹی اہلکار سے کہتا ہے کہ یہ آپ کا کام نہیں، یہ ہماری ذمہ داری ہے، آپ کا کام صرف سیکیورٹی فراہم کرنا ہے۔ جس پر سیکیورٹی اہلکار کہتا ہے کہ ہم اس پر اپنے سیئنر افسر سے بات کریں گے