عید تعطیلات میں ایس او پیز پرعمل درآمد کیلئے ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ
اسلام آباد: این سی او سی نے 8 سے 16 مئی تک کاروباری مراکز، دکانیں اور سیاحتی مقامات بند کرنے کے اعلان پر عمل درآمد کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر اسد عمر اور قومی کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود ا لزمان کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں عید تعطیلات کے دوران (8 سے 16 مئی) کے دوران ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس سے قبل 6 سے 18 مئی تک سیاحتی مقامات، پارکس، شاپنگ مالز، ہوٹلز اور ریسٹورنٹ بند رکھنے، لوکل اور بیرون ممالک کے لیے سیاحتی مقامات کی بندش اور شمالی علاقہ جات کے راستوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
این سی او سی میں کیئے گئے فیصلے کے تحت کراچی میں ساحل سمندر پر بھی عوام کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے رہائیشیوں کو واپس جانے کی اجازت ہوگی جب کہ پیٹرول پمپس،میڈیکل اسٹورز، گروسری اسٹورز، بیکری اور فوڈ آئٹمز کی دکانوں کواستثنیٰ حاصل ہوگا۔
وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر قائم ہونے والی مانیٹرنگ ٹیمیں مذکورہ تمام احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گی۔ یہ اقدام کورونا وبا کے تیزی سے پھیلاؤ کے امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔