کورونا کی تباہ کاریاں؛ پاکستان نے بھارت کو مدد کی پیشکش کردی
اسلام آباد: بھارت میں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں اور بگڑتی ہوئی صورتحال پر پاکستان نے بھارت کو مدد کی پیش کش کردی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مدد کی پیشکش جذبہ خیر سگالی کے تحت کی گئی ہے، پاکستان نے بھارت کو ریلیف سپورٹ دینے کی پیشکش کی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان نے بھارت کو وینٹی لیٹرز، بی آئی پی اے پی، ڈیجٹل ایکسرے مشینز اور دیگر متعلقہ آئٹم دینے کی پیشکش کی ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کو مدد کی پیشکش جذبہ خیر سگالی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی، مثبت جواب آتا ہے تو ان سے بیٹھ کر معاملات طے کرلیں گے تاکہ انہیں جلد از جلد مدد پہنچائی جاسکے، وینٹی لیٹرز، ایکسرے مشین، ماسک اور جو ہو پایا مدد دیں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں بھی چیلنجز درپیش ہیں، وزیراعظم نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے، قوم نے تعاون کیا تو جیسے پہلے حالات پر قابو پایا اس بار بھی مقابلہ کر پائیں گے۔