چین کی نئی کورونا ویکسین، ڈیلٹا ویریئنٹ کے خلاف بھی 77 فیصد مؤثر
بیجنگ: چین میں تیار کردہ نئی ویکسین ’’زیفی ویکس‘‘ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ یہ کورونا وائرس کی تمام اقسام کے خلاف 82 فیصد، جبکہ خطرناک ڈیلٹا ویریئنٹ کے خلاف بھی 77 فیصد مؤثر ہے۔
زیفی ویکس کا اصل تکنیکی نام ’’زیڈ ایف2001‘‘ ہے جسے چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے انسٹی ٹیوٹ آف مائیکرو بائیالوجی اور چونگ کنگ زیفی پروڈکٹس کے ذیلی ادارے ’’آنہوئی زیفی لونگکوم‘‘ نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔
یہ نتائج وسیع پیمانے کی اُن طبّی آزمائشوں سے حاصل ہوئے ہیں جو چین اور پاکستان کے علاوہ ازبکستان، انڈونیشیا اور ایکواڈور میں 28500 افراد پر کی گئی ہیں۔
ان نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ ناول کورونا وائرس ’’الفا ویریئنٹ‘‘ کے خلاف اس ویکسین کی اثر پذیری 93 فیصد جبکہ اب تک سامنے آنے والی، کورونا وائرس کی تمام اقسام کے خلاف 82 فیصد ہے۔
البتہ، یہ کورونا وائرس کی سب سے خطرناک اور تیزی سے پھیلنے والی قسم ’’ڈیلٹا ویریئنٹ‘‘ کے خلاف بھی 77 فیصد مؤثر ثابت ہوئی ہے، جو ایک اہم کامیابی ہے۔
زیفی ویکس تین خوراکوں والی کورونا ویکسین ہے: پہلی خوراک کے 30 دن بعد دوسری اور مزید 30 دن بعد تیسری خوراک لگائی جاتی ہے۔
چین اور ازبکستان میں زیفی ویکس کی صنعتی پیمانے پر تیاری کے علاوہ اس کا استعمال بھی شروع کردیا گیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق، چین اور ازبکستان کی حکومتیں زیفی ویکس کو استعمال کےلیے مارچ 2021 میں منظور کرچکی ہیں اور اب تک دونوں ملکوں میں اس ویکسین کی 10 کروڑ سے زیادہ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔
زیفی ویکس بھی محفوظ ہے جس کے منفی ضمنی اثرات بھی خاصے کم ہیں۔ یہی نہیں بلکہ طبّی آزمائشوں کے دوران یہ ویکسین لگوانے والے افراد میں سے کسی ایک کو بھی کووِڈ 19 کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہونا نہیں پڑا۔
واضح رہے کہ زیفی ویکس کی طبّی آزمائشیں اگرچہ دس ہزار پاکستانیوں پر بھی کی گئی ہیں لیکن عوامی سطح پر استعمال کےلیے اب تک ڈریپ (ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان) نے اسے منظور نہیں کیا ہے۔