فائزر کی کورونا ویکسین 12 سے 15 سال کے بچوں میں 100 فیصد مؤثر

واشنگٹن: جرمنی کی بائیوٹیک اور امریکی دوا ساز کمپنی فائزر کی کورونا ویکسین نو عمروں میں 100 فیصد مؤثر پائی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فائزر کی کورونا ویکسین کے نابالغوں پر کیئے گئے ٹرائل کے نتائج سامنے آگئے ہیں، امریکا میں 12 سے 15 سال کے 2 ہزار 260 نوعمروں پر ٹرائل کے تیسرے مرحلے میں ویکسین کے مؤثر ہونے کی شرح 100 فیصد رہی۔

امریکا کی ملٹی نیشنل دوا ساز کمپنی فائزر کا کہنا ہے کہ یہ ڈیٹا امریکی ڈرگ اتھارٹی میں منظوری کے لیے جمع کرایا جائے گا تاکہ اسکولوں کے اگلے سیشن کے آغاز سے قبل ویکسین بچوں کو لگانے کا عمل شروع کیا جا سکے۔

امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے گزشتہ برس 12 دسمبر کو فائزر اور بائیو ٹیک کی کورونا ویکسین کی 16 سال سے بڑے عمر کے افراد میں ہنگامی استعمال کی منظوری دی تھی۔ اُس وقت تک نابالغوں پر ٹرائل نہیں ہوئے تھے۔

بائیوٹیک کے سربراہ نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کی تیار کردہ ویکسین برطانیہ میں سامنے آنے والی کورونا کی نئی قسم B.1.1.7 کے خلاف بھی کارگر ثابت ہوئی ہے۔

یہ خبر پڑھیں : دنیا کی پہلی کورونا ویکسین برطانیہ کی 90 سالہ خاتون کو لگا دی گئی

واضح رہے کہ فائزر اور بائیوٹیک کی مشترکہ طور پر تیار کردہ کورونا ویکسین کی بالغوں پر ٹرائل میں 94 فیصد مؤثر پائی گئی تھی اور ایف ڈی اے نے سب سے پہلے اسی ویکسین کی منظوری دی تھی جب کہ برطانیہ میں دنیا کی پہلی کورونا ویکسینیشن بھی اسی ویکسین سے ہوئی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button