جسم پر ’’تین مسکراہٹوں‘‘ والا اژدہا 9 لاکھ میں فروخت

اوکلاہوما: اژدہے کا نام آتے ہی جسم میں خوف سے جھرجھری دوڑ جاتی ہے لیکن ایک اژدہا ایسا بھی ہے جس کے جسم پر تین سنہری اور قدرتی نشانات ہیں جو دیکھنے میں مسکراتے ہوئے چہروں کی طرح دکھائی دیتے ہیں۔

اس کا تعلق ’’بال پائتھن‘‘ قسم کے اژدہوں سے جن کی جسامت دوسرے اژدہوں کے مقابلے میں نسبتاً کم ہوتی ہے۔

یہ منفرد اژدہا ’’جے کوبلکا ریپٹائلز‘‘ نامی ایک ادارے نے اپنی ویب سائٹ پر رکھا تھا، جو 6 ہزار ڈالر میں فروخت ہوچکا ہے۔

مذکورہ ادارہ امریکی شہر اوکلاہوما سٹی کے رہائشی جسٹن کوبلکا کی ملکیت ہے جو پچھلے بیس سال سے سانپوں اور اژدہوں سمیت کئی طرح کے رینگنے والے جانور (ریپٹائلز/ ہوّام) فروخت کررہے ہیں۔

اس آن لائن اسٹور پر کئی طرح کے عجیب و غریب اژدہے اور سانپ فروخت کیے جاتے ہیں۔

کوبلکا کہتے ہیں کہ بال پائتھن قسم کا یہ اژدہا ان کے ’’فارم‘‘ پر اتفاقاً پیدا ہوگیا جو ایک پیدائشی بیماری کا شکار ہے جس کی وجہ سے اس کی پوری کھال سفید ہے۔

البتہ، کھال کے مختلف مقامات پر سنہرے رنگ کے نشانات بھی موجود ہیں جو اسے دوسرے بے رنگ اژدہوں سے مختلف بناتے ہیں۔

’’میں اپنے بیس سالہ تجربے میں ایسے کئی جانور دیکھ چکا ہوں جن کی کھال پر چہرے جیسے نشان ہوتے ہیں، لیکن یہ اپنی قسم کا سب سے پہلا اور واحد اژدہا ہے جس کی کھال پر نہ صرف سنہرے نشانات ہیں بلکہ یہ ایسے بنے ہوئے ہیں جنہیں دیکھ کر گمان ہوتا ہے کہ جیسے اس کی کھال پر سنہری چہرے مسکراتے ہوئے جگمگا رہے ہوں،‘‘ کوبلکا نے بتایا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button