یوکرائن میں خاتون فوجی اہلکاروں کی اونچی ایڑھی کی سینڈل پہن کر پریڈ
کیو: یوکرائن میں روایتی یونیفارم میں ملبوس خواتین فوجیوں نے انوکھی پریڈ میں بھاری بھرکم آرمی بُوٹ جوتوں کے بجائے اونچی ہیل والی سینڈل پہنی اور کسی پریشانی کے بغیر پریڈ مکمل کی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرائن فوج کی زیر تربیت خاتون فوجیوں نے سوویت یونین کے خاتمے کی 30 ویں سالگرہ کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک پریڈ میں حصہ لیا۔ معمول کی پریڈ نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرلی ہے اور ہر کوئی اسی سے متعلق بات کر رہا ہے۔
یوکرائن میں خواتین فوجیوں کے لباس میں ترمیم کرتے ہوئے سینڈل پہننے کی بھی اجازت دیدی گئی ہے جس کے بعد پہلی بار اونچی ہیل والی سینڈل پہن کر پریڈ کی گئی۔
یوکرائن وزارت دفاع کی جانب سے جاری تصاویر میں خواتین فوجیوں کو فوجی جوتوں کے بجائے اونچی ہیل والی سینڈل پہن کر پریڈ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ آرمی بُوٹ کے بجائے اونچی ایڑھی والی سینڈل پہن کر پریڈ ایک مشکل کام ہے تاہم خواتین فوجیوں نے یہ بھی کردکھایا۔
دوسری جانب سینڈل پہن کر پریڈ کرنے پر خاتون فوجیوں کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے، ملک کے اہم تبصرہ نگاروں نے اس عمل کو توہین آمیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے جب کہ اپوزیشن جماعتوں نے خواتین کے فوجی لباس میں سینڈل کو شامل کرنے پر حکومتی اقدام کو تنقید کا نشانہ بنایا۔