عمران خان نے چین کو اتنا ناراض کردیا تھا بتادوں تو سب حیران ہوجائیں، وزیراعظم

ڈیرہ اسماعیل خان: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں مخلوط حکومت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین نے چین کو اتنا ناراض کردیا تھا کہ اگر بتادوں تو سب حیران ہوجائیں گے۔

ڈیرہ اسمٰعیل خان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، مخلوط حکومت نے دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سابق حکومت نے اپنے دور میں ترقیاتی منصوبوں کو التوا میں ڈالے رکھا، معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا جس سے ترقی اور خوشحالی رک گئی۔

انہوں نے کہا کہ دوست ممالک بھی ناراض کر دیئے گئے تھے، عمران نیازی نے خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بیچ کر پیسے اپنی جیب میں ڈال لئے اور ملک کو بدنام کیا، مخالفین پر دن رات الزام تراشی اور دشنام طرازی کی جاتی ہے۔

’’دہشت گردی کا فتنہ دوبارہ سر اٹھا رہا ہے‘‘

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کا فتنہ دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، بنوں میں انتہائی دلخراش واقعہ پیش آیا لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور کمانڈو افسران اور جوانوں نے آپریشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اس واقعہ میں شہید ہونے والے افسران اور اہلکار ہمارے ہیرو ہیں، ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے جرات اور بہادری کی شاندار تاریخ رقم کی ہے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ اس معاملہ پر اجلاس طلب کیا گیا ہے، ان واقعات کی روک تھام اور دہشت گردی کے ناسور کو کچلنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

’’جب حلف اٹھایا تو احساس نہیں تھا کہ معیشت اتنی تباہ حال ہو چکی ہے‘‘

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جب حلف اٹھایا تو احساس نہیں تھا کہ معیشت سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے اتنی تباہ حال ہو چکی ہے، ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ختم ہو چکا تھا لیکن مخلوط حکومت اور اداروں کی کاوشوں اور عوام کی دعاؤں اور پاکستان کی ہمدردوں کی محنت اور تعاون سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا گیا ہے، اس میں کوئی شک نہیں کے بے پناہ چیلنجز موجود ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button