دہشت گردی کے خلاف جنگ پائیدار امن اور استحکام تک جاری رہے گی، آرمی چیف

کراچی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کسی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اب تک کی محنت سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف نے وادی تیرہ اور ضلع خیبر کا دورا کیا، جہاں انہوں نے پاک افغان سرحد پر تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ دن گزارا۔

آرمی چیف کو فیلڈ کمانڈر نے ویسٹرن بارڈرز مینجمنٹ آپریشنل تیاریوں اور بارڈر کنٹرول کے اقدامات کے بارے میں بریف کیا۔ جنرل سید عاصم منیر نے جوانوں کے بلند حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام اور سیکورٹی فورسز کی بے شمار قربانیوں سے ریاست کی رٹ قائم ہوئی ہے، دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ قوم کی حمایت سے اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک ہم پائیدار امن اور استحکام حاصل نہیں کر لیتے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور امن کو خراب کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی، کسی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اب تک کی محنت سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی.

آرمی چیف نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ کور ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف کو آپریشنل، ٹریننگ اور فارمیشن کے دیگر امور کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ جن میں نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کے لیے سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کے لیے محفوظ ماحول پیدا کرنے کی کوششیں شامل ہیں۔

قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے استقبال کیا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button