نواز شریف نے وزیراعظم کو عمران خان سے مذاکرات کرنے سے روک دیا

اسلام آباد / لندن: مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو عمران خان سے کسی بھی قسم کے مذاکرات سے روک دیا اور کہا ہے کہ اس فتنے کا نہ کوئی مطالبہ مانا جائے اور نہ فیس سیونگ دی جائے۔

مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے کسی بھی قسم کے مذاکرات کرنے یا مطالبہ تسلیم کرنے سے منع کردیا ہے اور انہیں ہدایت دی ہے کہ ایسا کوئی کام نہ کیا جائے کہ جس سے عمران خان کو لانگ مارچ میں فیس سیونگ ملے۔

اپنے ٹویٹ میں نواز شریف نے کہا ہے کہ لانگ مارچ میں 10 لاکھ افراد لانے کا دعویٰ کرنے والا ابھی تک دو ہزار بندے جمع نہیں کرسکا، عوام کی لاتعلقی کی وجہ وہ شرانگیز جھوٹ ہیں جن کا کچا چٹھا قوم کے سامنے آ چکا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ عمران خان نے ایک کے بعد ایک جھوٹ اتنی بے دردی اور ڈھٹائی سے بولا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو مجبوراً اپنی خاموشی توڑ کر قوم کو سچ بتانا پڑا جس کا جواب یہ اتنے دن گزرنے کے بعد بھی نہیں دے سکا اسی لیے عمران خان کا سارا زور حسبِ عادت صرف گالی گلوچ تک محدود ہے۔

ن لیگی قائد نے مزید کہا کہ میں نے شہباز شریف سے کہہ دیا ہے کہ یہ دو ہزار افراد کا جتھہ لے کر آئے یا 20 ہزار افراد کا ، نہ اس فتنے کا کوئی مطالبہ سننا ہے اور نہ ہی اسے کوئی فیس سیونگ دینی ہے جس کے لیے یہ بیتاب ہے، وزیر اعظم کو اپنی تمام تر توجہ عوامی خدمت پر مرکوز رکھنی چاہیے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button