کسی گروہ یا ملک کو سیاسی و معاشی عدم استحکام کی اجازت نہیں دیں گے، آرمی چیف

پشاور: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم ملک کے ایک ایک انچ کی حفاظت کیلیے ہروقت تیار ہیں۔ پاکستان کی سرحدیں مضبوط ہاتھوں میں ہیں، کسی گروہ یا ملک کو سیاسی و معاشی عدم استحکام پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

کاکول میں 146 ویں پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس عظیم ادارے سے پاس آؤٹ ہونا آپ کیلیے اعزاز کی بات ہے۔

آرمی چیف نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ ایک عظیم بہادر فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔ اس فوج نے پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلانے کیلیے بہت قربانیاں دیں۔ 42 سال پہلے میں نے بھی اسی ادارے سے ٹریننگ حاصل کی تھی۔ تب میں نے یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اس عظیم فوج کو کمانڈ کروں گا۔

سپہ سالار کا مزید کہنا تھا کہ آگے کا سفر آپ کیلیے بہت سے چیلنجز لے کر آئے گا۔ آپ کو مستقبل میں مشکل اور بڑے فیصلے لینے ہوں گے۔ ملک کی حفاظت،عزت اور بہتری کیلیے آپ کو کام کرنا ہے۔ آپ کو ملک کی سالمیت کیلیے قربانیاں دینا ہوں گی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کسی بھی فیک نیوز اور اس کے پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ ہمسایوں کے ساتھ تمام مسائل پرامن طریقے سے حل کرنے کے خواہاں ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ہم ملک کے ایک ایک انچ کی حفاظت کیلیے ہروقت تیار ہیں۔ ملک کی سرحدیں مضبوط ہاتھوں میں ہیں۔ ہم کسی کو بھی اپنے ملک کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتا اور تمام مسائل کا پُرامن حال چاہتا ہے مگر ہماری امن کی خواہش کو کوئی کمزوری نہ سمجھے، کسی کو بھی اپنے ملک کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے‘۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button