وزیراعظم کی امریکی صدر سے ملاقات، جوبائیڈن کا سیلاب زدگان کی امداد کے عزم کا اظہار

Spread the love

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر جوبائیڈن کے ساتھ نیویارک میں ملاقات ہوئی جس میں امریکی صدر نے سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے لیے بھرپور تعاون کا عزم ظاہر کیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر یہ ملاقات امریکی صدر کی جانب سے دئیے گئے عشایے کے موقع پر ہوئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر اور ان کی اہلیہ کے ساتھ تصویر بھی بنوائی۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب میں سیکڑوں اموات پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی ظاہر کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کے افسوس اور ہمدردی کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مدد کے عالمی برادری کے نام پیغام اور پاکستان کی حمایت پر امریکی صدر کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) کی سربراہ کے دورہ پاکستان اور امداد بھجوانے پر امریکی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے مشکل انسانی صورتحال میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دریں اثنا وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آج رات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں