پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو واضح برتری حاصل

لاہور: پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جارہی ہے، غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ملتان، ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال کی نشستوں پر کامیاب ہوگئی جبکہ پارٹی کو 14 نشستوں پر واضح برتری حاصل ہے۔

پانچ بجے سے قبل پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے والے ووٹرز نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا جبکہ مقررہ وقت کے بعد آنے والے ووٹرز کو پولنگ اسٹیشن میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ملتان سے پی ٹی آئی کامیاب
پی پی 217 (ملتان) کے تمام 124 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار مخدوم زین قریشی نے ن لیگ کے امیدوار سلمان نعیم کو شسکت دے دی۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے مخدوم زین قریشی نے 47 ہزار252 ووٹ لے کر کامیابی اپنے نام کی۔

الیکشن کمیشن کے مرکزی سیکرٹریٹ کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے سلمان نعیم 40 ہزار 203 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پررہے۔ سیکرٹریٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی کے بیٹے 7 ہزار ووٹوں کی لیڈ سے کامیاب رہے جبکہ پی پی 217 میں ٹرن آؤٹ 42 فیصد سے زائد رہا۔

ڈیرہ غازی خان سے پی ٹی آئی کامیاب

پی پی 288 (ڈیرہ غازی خان) کے تمام 145 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردارمحمدسیف الدین کھوسہ 58 ہزار 885 ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے۔

مسلم لیگ (ن) کے عبدالقادر خان 32 ہزار 907 ووٹ حاصل کرسکے۔

ساہیوال کا میدان پی ٹی آئی کے نام

پی پی 202 (ساہیوال) کے تمام 176 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار میجر (ر) محمد غلام سرور نے مسلم لیگ (ن) کے نعمان لنگڑیاں کو شکست دے دی۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار نے 61 ہزار 989 ووٹ جبکہ لیگی رہنما نے 59 ہزار 1467 ووٹ حاصل کیے۔

پنجاب کی 20 انتخابی نشستیں

ان 20 نشستوں میں لاہور کی 4، راولپنڈی، خوشاب، بھکر، فیصل آباد، شیخوپورہ، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر،لیہ کی ایک ایک، جھنگ کی 2، لودھراں میں 2، مظفر گڑھ میں 2 اور ڈیرہ غازی خان کی ایک نشست شامل ہے۔

اگر صرف لاہور کی 4 نشستوں کی بات کی جائے تو حلقہ پی پی 158 میں ن لیگ کے رانا احسن شرافت اور پی ٹی آئی کے اکرم عثمان کا مقابلہ ہوگا، پی پی 167 میں ن لیگ کے نذیر چوہان پی ٹی آئی کے شبیر گجر کے مدِ مقابل ہیں، پی پی 168 میں ن لیگ کے اسد کھوکھر کا پی ٹی آئی کے نواز اعوان سے مقابلہ ہوگا، پی پی 170 میں ن لیگ کے امین ذوالقرنین پی ٹی آئی کے ظہیر کھوکھر کے مدمقابل ہوں گے۔

20 نشستوں کیلیے 175 امیدوار مدمقابل

صوبائی اسمبلی کی ان 20 نشستوں پر مجموعی طور پر 175 امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے جن میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے امیدوار نمایاں ہیں۔ ان حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 45 لاکھ 79 ہزار 898 ہے۔

پولنگ کے لیے 3 ہزار 131 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 1900 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، ضمنی انتخاب میں امن و امان کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کو پنجاب میں اپنی برتری برقرار رکھنے کیلئے 20 میں سے 9 نشستیں جیتنا ضروری ہے۔

یاد رہے کہ 20 مئی کو الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کا ووٹ دینے والے تحریک انصاف کے منحرف ارکان کی رکنیت ختم کردی تھی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button