بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 4 کشمیری نوجوان شہید

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران 4 کشمیری نوجوان کو شہید کردیا گیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع کپواڑا میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی۔ خواتین اور بچوں تک کو ہراساں اور نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

اس دوران بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ اسی طرح ضلع کلگام میں بھی سرچ آپریشن کے دوران 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔
جارحیت پسند بھارتی فوج نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے شہید ہونے والے نوجوان کی لاشیں لواحقین کو دینے کے بجائے پولیس کے حوالے کردیں۔

شہید نوجوان کے لواحقین اپنے پیارے کی لاش کی تلاش میں دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ سرچ آپریشن تاحال جاری ہے اور ایک نوجوان کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

واضح رہے کہ حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنانے کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 30 ہوگئی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button