عمران خان نے کرسی چھوڑنے کے بعد لندن بھاگ جانا ہے، بلاول بھٹو

گھوٹکی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے، وہ کرسی چھوڑنے کے بعد لندن بھاگنے والے ہیں۔

گھوٹکی میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہاں کی عوام نے مجھے کبھی مایوس نہیں کیا، میں نے یہاں کی بات کی تھی کہ عمران خان کو سندھ سے ایک ووٹ نہیں ملے گا، اور پھر انہیں اسی ضلع سے پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، برے وقت کے دوستوں کو کبھی نہیں بھلایا جاسکتا، میں بھی گھوٹکی کی عوام کو کبھی نہیں بھلا سکتا، تمام صوبوں کی عوام اس وقت تکلیف میں ہیں، ہر شخص کی زندگی مشکل بنادی گئی ہے، تبدیلی کا نعرہ تباہی کی صورت میں سامنے آیا ہے، یہ نیا پاکستان نہیں مہنگا پاکستان ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت ووٹوں سے بنے تو وہ دکھ درد کا احساس بھی کرتے ہیں، ایمپائر کی انگلی سے حکومت بنے تو اسے عوام کی پروا نہیں ہوسکتی، تبدیلی لانے والے نے تبدیلی کے نام پر بحران پیدا کیا، کٹھ پتلی عوام کی طرف نہیں ایمپائر کی طرف دیکھتا ہے، عمران خان نے ہر آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے، ہمارے معاشی و عوامی حقوق، جمہوریت اور ووٹ پر ڈاکا مارا ہے، نوجوان ڈگریاں لے کر دھکے کھا رہے ہیں لیکن روزگار نہیں مل رہا، عمران خان نے حکومت پر تنقید کرنا میڈیا کا کام ہے، یہ کون ہوتے ہیں جو میڈیا کو کہیں مجھ پر تنقید نہ کریں، ہر طبقہ آج تکلیف میں ہے، مایوسی ہی مایوسی ہے، عوام نے غلط شخص سے امیدیں باندھ لی تھیں، محنت کے باوجود ہاری کو اس کا پھل نہیں ملتا، زرعی ملک کا کسان بھوکا سوئے تو اس ملک کی معیشت کا کیا حال ہوگا۔

ہم آج بھی نوجوانوں کو روزگار اور مزدوروں کو ان کی محنت کا صلہ دلوا سکتے ہیں، ہمیں اس سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی نظام کو ختم کرنا ہوگا، حقوق ملتے نہیں چھیننا پڑتا ہے، پیٹرول اور بجلی قیمت میں کمی ان کی ڈرامہ باری ہے، اور وہ سمجھتے ہیں کہ ہم انہیں پہنچان نہیں سکتے، لیکن یہ ان کی بھول ہے، حکومت سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے، اب عمران خان کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے، جیالوں کا لشکر اسلام آباد پہنچے گا، پنجاب میں داخل ہونے کے بعد دمادم مست قلندر ہوگا، ہم پر امن اور جمہوری لوگ ہیں، عدم اعتماد ہمارا جمہوری ہتھیار ہے، جسے ہم استعمال کریں گے، وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد لے کر آئیں گے، جو شخص کرسی پر بیٹھا ہے اس کا مستقبل نہیں ہے، عمران خان نے کرسی چھوڑنے کے بعد باہر لندن بھاگنا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button