نیب نیازی گٹھ جوڑ کے خاتمے کا وقت آ گیا، کارکن تیاری کریں، شہبازشریف

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے خاتمے کا وقت آ گیا، کارکن تیاری کریں۔

لاہور میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور پارلیمنٹ میں قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ساڑھے 3 سال میں معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ہے اور جنازہ نکال دیا ہے، لاکھوں لوگ بے روزگار ہو چکے، 50 لاکھ گھر تو کجا کمرے کی اینٹ تک نہیں رکھی، جنگلہ بس پر 70 ارب روپے کا طعنہ دیا جاتارہا، کنٹینر پر عمران خان نے کے پی میں نہ اسپتال نہ یونیورسٹی بنائی بی آر ٹی کی بس چلتی اور آگ لگتی رہی، بی آر ٹی پر 20 کلومیٹر کے لئے 20 ارب روپے لگائے گئے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے ساڑھے 3 سال نوازشریف کے منصوبوں پر تختیوں پر تختیاں لگائیں، اگر تختیاں لگانے کا شوق تھا تو آپ کو تختیاں لگانے پر لگا دیتے، خان صاحب کے پی میں شکست پر تختیاں لگا رہے ہیں، اب تختیوں سے بات نہیں بنے گی آپ کا دھڑن تختہ ہونے والا ہے، جنہوں نے ووٹ دئیے ان کو بھی آپ نے برباد کیا، وقت آ گیا ان کا گریبان ہو اور عوام کا ہاتھ ہو۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ قائد اعظم کی روح تڑپتی ہوگی کہ 74 سال کے بعد کون سا حکمران آ گیا ہے،پاکستان کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیا ہے، بجلی ہونے کے باوجود بجلی نہیں گیس ہونے کے باوجود گیس نہیں، جب کہ اتنی مہنگی گیس خریدی جارہی ہے، اربوں کھربوں روپے کی کرپشن کو پر لگ گئے، چاول، گیس، ادویات اور مالم جبہ کے بڑے بڑے اسکینڈل آئے لیکن کسی پر جوں نہ رینگی، نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے جسے تین سال پہلے کہا تھا، نیب نیازی گٹھ جوڑ کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے، کارکنان تیاری کریں، دھاندلی کی پیداوار حکومت اور مہنگائی کے خلاف اور اس کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے، اگر حکومت سے جان نہ چھڑوائی تو پاکستان کا خدا حافظ ہوگا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button