شہباز شریف اور فضل الرحمان کا ملک میں فوری انتخابات کا مطالبہ

لاہور: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور جے یو آئی کے سربراہ فضل الرحمان نے ملک میں فوری الیکشن کا مطالبہ کردیا۔

جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمان نے صدر پاکستان مسلم لیگ ن محمد شہباز شریف کے گھر پر ان سے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم، مہنگائی اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے پر گفتگو ہوئی۔

شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آٹے و چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، لیکن حکومت غفلت کی نیند سو رہی ہے، پی ڈی ایم سمیت تمام سیاسی جماعتوں کا مطالبہ ہے ملک میں فی الفور شفاف انتخابات کروائے جائیں، ملک کو ترقی کی منزل کی طرف لے جانے کا یہی ایک راستہ ہے، اگرچہ یہ منزل آسان نہیں اور بہت محنت کرنی ہوگی، تب جاکر 2018 سے پہلے کی صورتحال پر آئیں گے، اس منزل کی بنیادی سیڑھی شفاف الیکشن ہے، جس پر میں اور مولانا متفق ہیں، حکومت اور مہنگائی کے خلاف مارچ ہرصورت کرنا ہوگا، حکومت کا محاسبہ کرنا ہوگا، مودی فوج کے وقار کو وہ نقصان نہیں پہنچا سکا، جو عمران خان نے نازک معاملات کو ہینڈل کرکے پہنچایا، یہ انتہائی قابل افسوس ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنے اہداف کے حصول کے لئے سنجیدہ اور متحرک ہے، 16 اکتوبر کو فیصل آباد میں پی ڈی ایم کا تاریخی اجتماع ہوگا، ہر شخص اس حکومت سے جان چھڑانا چاہتا ہے، ملک میں فوری انتخابات ضروری ہیں، سرکاری ملازمین کی برطرفیوں کے خلاف ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہر طبقہ اس وقت مشکل حالات میں ہے، ہر غریب آدمی آج اشیائے ضروریہ خریدنے کی پوزیشن میں نہیں رہا۔

سربراہ جے یو آئی نے مزید کہا کہ تمام ادارے تباہ ہوگئے ہیں، ہم پورے ملک، اداروں اور عوام کو رو رہے ہیں، فوج جسے ہم طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں، گزشتہ چند روز سے جو خبریں چل رہی ہیں، یونٹی آف کمانڈ کے حوالے سے ساری قوم دیکھ رہی ہے، مودی ہماری فوج کو اتنا نقصان نہیں پہنچا سکا جتنا عمران خان نے فوج کو پہنچایا ہے، یونٹی آف کمانڈ کے ادارے کا کیا حشر کردیا گیا ہے، ہم اس ادارے کو ملکی دفاع کے لیے منظم اور طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں، اس صورتحال میں مل کر ہم نے آگے بڑھنا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button