ایلوس پریسلے کے بال 12 کروڑ روپے میں نیلام

ایلوس پریسلے کے بال 12 کروڑ روپے میں نیلام
Spread the love

لاس اینجلس: مشہور امریکی گلوکار ایلوس پریسلے کے بالوں کا ایک چھوٹا سا گچھا گزشتہ ہفتے 7 لاکھ 25 ہزار ڈالر (12 کروڑ 22 لاکھ روپے) میں نیلام ہوگیا۔

بالوں کے اس گچھے کی نیلامی لاس اینجلس کے ’’کرُوس جی ڈبلیو ایس آکشنز‘‘ سے گزشتہ ہفتے نیلام ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق، بالوں کا یہ گچھا ایک جار میں حفاظت سے بند کیا گیا ہے جس کے ساتھ کئی دستاویزات اور تصدیقی اسناد بھی ہیں جو ثابت کرتی ہیں کہ یہ بال واقعی میں ایلوس پریسلے کے ہیں۔

یہ بال ایلوس پریسلے کے ذاتی حجام ہومر گائل لینڈ کے پاس محفوظ تھے جس نے 20 سال سے زیادہ عرصے تک اس مشہور امریکی گلوکار کے بال کاٹے تھے۔

بعد ازاں گائل لینڈ نے یہ بال اپنے اور ایلوس پریسلے کے مشترکہ دوست، تھامس مورگن کو تحفے میں دے دیئے جو ایک لمبے عرصے تک اسی کے پاس رہے اور پھر گزشتہ ہفتے نیلامی میں رکھ دیئے گئے۔

اسی نیلامی میں ایلوس پریسلے کا وہ لباس بھی شامل تھا جو اس نے 1972 میں میڈیسن اسکوائر گارڈن میں اپنے فن کا مظاہرہ کرتے دوران پہنا تھا۔ یہ لباس دس لاکھ 12 ہزار 500 ڈالر میں فروخت ہوا۔

اس سے پہلے 2009 میں بھی ایلوس پریسلے کے بال پندرہ ہزار ڈالر میں نیلام ہوئے تھے جن کے مقابلے میں یہ گچھا کہیں زیادہ رقم میں فروخت ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں