واٹس ایپ کے آڈیو پیغام سننے کے بجائے پڑھیں

سلیکان و یلی: سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اگر کسی ایسی ایپلی کیشن کی بات کی جائے جو مہینوں، ہفتوں کے بجائے چند دنوں میں اپنے استعمال کنندگان کے لیے کوئی نہ کوئی اپ ڈیٹ یا فیچر متعارف کرواتی ہے توغالبا ان میں واٹس ایپ سر فہرست ہوگی۔

ہمیشہ کی طرح اس بار بھی واٹس ایپ اپنے استعمال کنندگان کے لیے ایک نہایت ہی مفید اور اچھوتا فیچر متعارف کروانے جا رہا ہے۔ اس فیچر کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اب سماعت سے محروم افراد بھی واٹس ایپ کے ’ وائس میسیجز‘ کو پڑھ سکیں گے۔

جی ہاں !! اب اس انوکھے فیچر کی بدولت آپ اپنے صوتی پیغامات کو سننے کے ساتھ ساتھ پڑھ بھی سکیں گے۔ کیوں کہ واٹس ایپ جس فیچر پر کام کررہا ہے اس کی بدولت آپ اپنے آڈیو پیغامات کو ٹرانسکرائب( کسی بیان تقریر یا نشریے کا تحریری ریکارڈ) کرنے کے اہل ہوجائیں گے۔
واٹس ایپ میں آنے والی تبدیلیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’’ڈبلیو اے بی-ٹا اِنفو‘‘ (WABeta Info) کے مطابق ابھی یہ فیچرابھی ڈیولپمنٹ کے مراحل میں ہے، اور یہ بات واضح نہیں ہے کہ استعمال کنندگان کے لیے یہ فیچر کب پیش کیا جائے گا، تاہم یہ فیچر اینڈروئیڈ اور آئی او ایس دونوں کے لیے دستیاب ہوگا۔

یہ سروس کس طرح کام کرے گی؟

اس سروس کے تحت آپ کے صوتی پیغامات کو ٹرانسکرپشن کے لیے واٹس ایپ یا فیس بک کے سرور پر نہیں بھیجا جائے گا اور نہ ہی یہ براہ راست آپ کی شناخت کو ظاہر کریں گے۔ یہ ایک آپشنل فیچر ہوگا اور اسے ٹرانسکرائب کرنے کے لیے آپ کو خصوصی اجازت درکار ہوگی۔ اجازت ملنے کے بعد آپ کا صوتی پیغام ٹرانسکرپشن سروس کے لیے دستیاب ہوگا۔

جب آپ اپنے صوتی پیغام کو کھولیں گے تو ایک پاپ اپ ظاہر ہوگا جس پر’ WhatsApp Would Like To Access Speech Recognition‘ لکھا ہوگا۔ Allow کرنے پرآپ کا صوتی پیغام ٹرانسکرپشن سروس کے لیے دستیاب ہوگا۔ اور ایک نیا ’ ٹرانسکرپٹ ‘ سیکشن کھل جائے گا۔ جہاں آپ آڈیو پیغام کو کسی مخصوص فاصلے سے بھی تحریری شکل میں ڈھال سکتے ہیں۔

پہلی بار ٹرانسکرائب ہونے کے بعد مذکورہ پیغام آپ کی ڈیوائس کے واٹس ایپ ڈیٹا بیس میں محفوظ ہوجائے گا، اسے بار بار ٹرانسکرائب کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی، اور آپ جب چاہیں اسے دیکھ سکتے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button