نواز شریف کے پاس دو آپشن ہیں اپیل کریں یا سیاسی پناہ لیں، وزیر داخلہ

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پاس دو آپشن ہیں اپیل کریں یا سیاسی پناہ لیں، لیڈر وہی ہوتا ہے جو ملک میں جیتا اور مرتا ہے، نواز شریف کو ملک واپس آنا چاہیے۔

وزارت داخلہ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لیڈر وہی ہوتا ہے جو ملک میں جیتا اور مرتا ہے، ملک کی جیلیں بھی سیاستدان کیلئے ہی ہیں، ہم جھوٹے کیسز میں 7،7 سال قید ہوئے، ایک صاحب نے اعلان کیا کہ شہبازشریف کو گرفتار کیا گیا تو قیامت آجائے گی، بھٹو کو پھانسی ہوئی تو کیا ہوا، یہ لوگ بھٹو سے بڑے لیڈر نہیں ہیں، نواز شریف کو ملک واپس آنا چاہیے، باہر کی کیازندگی ہے ، اقتدار میں ہوں تو آپ بھڑکیں مارتے ہیں، نہ ہوں تو ملک سے باہر بھاگنا چاہتے ہیں، نواز شریف کا پاسپورٹ 16فروری کو منسوخ ہو چکا ہے، ان کے پاس سیاسی پناہ کا آپشن ہے لیکن وہ نہیں لیں گے، شہباز شریف نے ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے درخواست نہیں دی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات متحد ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں، خطے میں کیا ہونے والا ہے اپوزیشن صورتحال کو سمجھ نہیں رہی، مولا نا فضل الرحمان کبھی قادیانی اور کبھی یہودی لابی کہتے ہیں، قوم اپنےعقیدے کو نہ چھوڑے اور کسی کے عقیدے کو نہ چھیڑے، قانون کی خلاف ورزی پر قانون کا اطلاق ہوگا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ کہ چین اور پاکستان کی دوستی ہمالیہ سے بلند ہے، داسو ڈیم واقعے کی تحقیقات مکمل کر لی ہیں، وزارت خارجہ اس پر بیان جاری کرے گی، چینی سفیر سے ہفتہ میں 2 بار تفصیلی ملاقاتیں بھی ہوچکی ہیں، ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت اور اسرائیل ملوث ہیں، سی پیک میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا، افغان سفیرکی بیٹی کے معاملے پر جو ریکارڈ تھے وہ افغان وفد کے حوالے کردیئے، افغان سفیر کی بیٹی پر بھی دفتر خارجہ ہی بات کرے گا، چمن بارڈر کی وجہ سے نقل وحمل کا کام رکاہوا ہے ۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے 14 اگست کا جلسہ منسوخ کرنے کا اعلان کرتا ہوں، سائینو ویک کو اسلامی ممالک میں قبول نہیں کیا جارہا ، ایسا سرٹیفکیٹ بنائیں گے جس میں کوئی شخص دوسری ویکسین لگا سکتا ہے۔

وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے، اسلام آباد پولیس کی تعداد اور وسائل کو بڑھارہے ہیں، اور 1122 شروع کرنے جارہے ہیں، ای الیون نالے پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے، سیکٹر ای الیون میں سیلاب آنے کے وجوہات میں ملوث لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ ہوا ہے، وزارت داخلہ کواسلحہ لائسنس جاری کرنے کی اجازت مل گئی ہے، لیکن اسلحہ لائسنس اجرا کے قواعد اور ضوابط بھی ہیں ۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button