’بھارتی کورونا وائرس‘ 80 ممالک میں پھیل چکا ہے، عالمی ادارہ صحت

جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بتایا ہے کہ ناول کورونا وائرس کی بھارتی قسم یعنی ’’ڈیلٹا ویریئنٹ‘‘ اب تک 80 ممالک میں پھیل چکی ہے۔

ڈبلیو ایچ او میں کووِڈ 19 سے متعلق تکنیکی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر ماریا وان کرخوف کا ایک انٹرویو گزشتہ روز ٹوئٹر پر شائع ہوا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ’’ڈیلٹا ویریئنٹ‘‘ سمیت، کورونا وائرس کی چار نئی اقسام، اصل کووِڈ 19 وائرس کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

واضح رہے کہ ناول کورونا وائرس کی بھارتی قسم، جسے ڈیلٹا ویریئنٹ کا نام دیا گیا ہے، پچھلے سال بھارت سے پھیلنا شروع ہوئی تھی۔ اسی قسم کو بھارت میں کورونا وائرس کی حالیہ اور تیسری لہر کی وجہ بھی قرار دیا جارہا ہے۔
کورونا وائرس کا ڈیلٹا ویریئنٹ جس تیزی سے پھیل رہا ہے، اسے دیکھتے ہوئے خطرہ ہے کہ اگر احتیاطی تدابیر جاری نہ رکھی گئیں تو یہ جلد ہی پوری دنیا میں پھیل سکتا ہے۔

’’اگر یہ زیادہ آسانی سے پھیل سکتا ہے، تو زیادہ لوگ بھی اس سے تیزی کے ساتھ متاثر ہوسکتے ہیں؛ اور اگر نظام پر دباؤ بڑھتا رہا… تو یہ صحت سے متعلق نظام کےلیے ناقابلِ برداشت کا باعث بن سکتا ہے،‘‘ ماریا نے خبردار کیا۔

تاہم اچھی خبر یہ بھی ہے کہ موجودہ کورونا ویکسینز ڈیلٹا ویریئنٹ کے خلاف بھی مؤثر ہیں لہذا بہتر یہی ہے کہ جب تک یہ وبا مکمل طور پر ختم نہیں ہوجاتی، تب تک ویکسی نیشن کے ساتھ ساتھ احتیاط بھی جاری رکھی جائے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button