ملک معاشی لحاظ سے استحکام کی طرف جا رہا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک معاشی لحاظ سے استحکام کی طرف جا رہا ہے، اس استحکام کو برقرار رکھنے اور تیز تر معاشی ترقی کے لیے سرمایہ کاری اہم ترین جزو ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سرمایہ کاری اور کاروبار میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں معاونین خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، ڈاکٹر شہباز گل، متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز شریک ہوئے، جب کہ چیئرمین نیپرا اور چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز و افسران نے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی۔

سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ نے اجلاس کو ان تمام اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جو سرمایہ کاری اور کاروبار میں رکاوٹوں کو ختم کرنے کے لیے کیے گئے ہیں۔ ان اقدامات میں قوانین میں ترامیم، ٹیکس وصولیوں کے طریقہ کار میں آسانی، دیگر محکموں سے این اوسی کے جلدحصول کے طریقہ کار کو آسان بنانا، غیر ضروری اور پرانے ضابطہ کار میں ترامیم شامل ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس وقت ملک معاشی لحاظ سے استحکام کی طرف جا رہا ہے، اس استحکام کو برقرار رکھنے اور تیز تر معاشی ترقی کے لیے سرمایہ کاری اہم ترین جزو ہے، سرمایہ کاروں کو کاروبار کرنے کے لیے آسانیاں فراہم کی جائیں۔

وزیراعظم نے ہدایت جاری کی کہ تمام وفاقی وزارتیں اور صوبائی حکومتیں سرمایہ کاری کو فروغ دیں اور اس ضمن میں طے شدہ اہداف بروقت مکمل کریں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button