این اے 249 ضمنی الیکشن؛ پی ٹی آئی کو دھچکا، ن لیگی امیدوار کو سبقت حاصل

کراچی: کراچی این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ مکمل ہونے کے بعد نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، تاحال مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل سب سے زیادہ ووٹ لے کر پہلے نمبر پر جب کہ پیپلز پارٹی دوسرے نمبر پر ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کے استعفی کے بعد خالی ہونے والی نشست پر ضمنی اںتخاب کے لیے پولنگ ہوئی۔

پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی اور نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ 180 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق تاحال مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل سب سے زیادہ 10468 ووٹ حاصل کرکے سرفہرست ہیں۔
پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل 9761 ووٹ کے ساتھ دوسرے، کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار نذیر احمد 6811 ووٹ کے ساتھ تیسرے، پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار امجد اقبال آفریدی 5599 ووٹ کے ساتھ چوتھے، پی ایس پی کے امیدوار مصطفی کمال 5711 ووٹ کے ساتھ پانچویں اور متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار محمد مرسلین 4707 ووٹ کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 180 پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالنے کی شرح 13.59 فیصد رہی یعنی ان پولنگ بوتھ میں 45677 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔

ن لیگ اور پی ٹی آئی کارکنان آمنے سامنے، صورتحال کشیدہ

پولنگ کی گنتی کے دوران اس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی جب مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنان آمنے سامنے آگئے، دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی۔ موقع کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے پولیس اور رینجرز کی نفری بھی پہنچ گئی۔

ن لیگ کا فارم 45 کے اجرا میں تاخیر کا الزام

گنتی کے دوران فارم 45 کے اجرا میں تاخیر پر مسلم لیگ (ن) نے اعتراض کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ جب تک تمام فارم 45 نہیں مل جاتے ہم الیکشن آفس سے نہیں جائیں گے۔

تمام فارم 45 ملنے تک آر او آفس سے نہیں جائیں گے، محمد زبیر عمر

این اے 249 کے آر او آفس کے باہر مفتاح اسماعیل کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ این اے 249 میں ٹرن آؤٹ کم ہے تو گنتی جلدی مکمل ہوجانی چاہیے تھی، جب تک تمام فارم 45 نہیں مل جاتے ہم یہاں سے نہیں جائیں گے۔

محمد زبیر نے کہا کہ عوام نے ن لیگ کے حق میں ووٹ ڈال دیا ہے، اب نتائج کا اعلان ہونا ہے، ہمارے امیدوار مفتاح اسماعیل کو بھی ڈی آر او آفس نہیں جانے دیا جارہا، ہمیں 117 پولنگ اسٹیشن کے فارم 45 ملے گئے ہیں، 117 پولنگ اسٹیشن کے نتائج کے مطابق مفتاح اسماعیل کو 7 ہزار ووٹ ملے ہیں۔ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشن نمبر 260 کے پریزائیڈنگ افسر کا فون بھی بند ہے ۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ 2 پولنگ اسٹیشن کے فارم 45 کی کاپی ہمارے پولنگ ایجنٹس کو نہیں دی گئی، 260 اور 261 پولنگ اسٹیشن پر فارم 45 کی کاپی ایجنٹ کو نہیں دی گئی، دونوں پریزائیڈنگ آفیسر تالا لگاکر چلے گئے۔

رمضان کے سبب ووٹنگ کی شرح میں کمی

پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی تاہم رمضان المبارک اور گرمی کے سبب ووٹ کاسٹ کرنے کی شرح کم رہی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button