عوام نے آج پھر ووٹ کو عزت دو کی جنگ جیت لی، مریم نواز

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام نے آج پھر ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کی جنگ جیت لی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کو 19 فروری سے بھی بری شکست ہوئی، جب بھی منصفانہ الیکشن ہوں گے جیت شیرکی ہی ہوگی۔

ڈسکہ میں (ن) لیگی امیدوار کی فتح کے بعد کئی ٹویٹس میں مریم نواز نے ڈسکہ کے عوام کو مبارک باد اور شاباشی دی اور کہا کہ ڈسکہ کے غیور اور بہادر عوام نے آج ایک بار پھر ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کی جنگ جیت لی اور ساری دنیا پر واضح کر دیا کہ کس طرح 19 فروری کو کٹھ پتلی وزیراعظم کی نگرانی میں ووٹ کی عزت پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی۔

مریم نواز نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‏سن لو! عوام کیا کہہ رہے ہیں؟ غربت مہنگائی اور بے روزگاری کے ستائے ہوئے عوام سے تمہیں کوئی نہیں بچاسکتا، ڈرو اپنے انجام سے۔
انہوں نے کہا کہ ‏نواز شریف کا بیانیہ جیت گیا، جب بھی منصفانہ الیکشن ہوں گے جیت شیرکی ہی ہوگی، نواز شریف کی سیاست ختم کرنے والے یاد رکھیں نواز شریف ایک نظریےکا نام ہے جو عوام کے دلوں میں گھر کر چکا ہے، اس جعلی حکومت کے دن گنے جاچکے، وہ دن دور نہیں جب اس ملک میں عوام کی حکمرانی ہوگی، جعل سازوں کی نہیں۔

مریم کا کہنا تھا کہ ‏جہاں جہاں ووٹ پڑے گا الحمدللہ وہاں نوازشریف جیتے گا، شیر دھاڑے گا، عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اب ووٹ چوروں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال اور منفی ہتھکنڈوں کے باوجود جیت ووٹ اور عوام کی ہوئی، تمام صوبوں کے ضمنی انتخابات میں حکومت کی پے درپے شکست حکومت پر عوامی عدم اعتماد ہے، عوام سے مسترد شدہ حکومت کے قائم رہنے کا کوئی جواز نہیں بچا۔

نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے مزید کہا کہ آج کی جیت ان معصوم شہدا کے نام کرتے ہیں جن کا خون 19 فروری کو ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے کے لیے ڈسکہ میں بہایا گیا، معصوموں کا خون بہا کر، 22 پولنگ اسٹیشنز کے عملے کو اغوا کرکے بھی حکومت کے ہاتھ رسوائی کے سوا کچھ نہیں آیا، وفاقی اور صوبائی حکومت کو 19 فروری سے بھی بری شکست ہوئی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button