نااہل کو حکومت دی جائے گی تو ملک اسی طرح تباہ ہوگا، بلاول

کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا ہر گزرتا دن ملک کو سیاسی و اقتصادی تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے، جب ایک نااہل کو حکومت دی جائے گی تو ملک تباہی کی ایسی ہی صورت حال سے دوچار ہوگا۔

یہ بات انہوں نے بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ورچوئل اجلاس میں یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، فرحت اللہ بابر، نیر بخاری، شیری رحمان، فیصل کریم کنڈی، ہمایوں خان، قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور اور حسن مرتضی نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکاء نے بدترین اقتصادی گراوٹ پر عمران خان کی ہٹ دھرمی پر مبنی ردعمل کی مذمت کی ہے اوراس امر پر اتفاق کیا کہ عمران خان مہنگائی کا ایک ایسا سونامی لائے ہیں کہ جس میں قرضے بڑھ رہے ہیں اور تجارت گھٹ رہی ہے۔
اجلاس کے شرکاء نے پی ٹی آئی حکومت کی ناکام پالیسیوں کے نتیجے میں اقتصادی بدحالی کے بسبب بڑھتی خودکشیوں کے رجحان پر بھی اظہار تشویش کیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کو امپورٹ نہ کرنا حیرت کا باعث ہے، کرونا وائرس کی ویکسین کی فراہمی ہر انسان کا بنیادی حق ہے مگر پی ٹی آئی حکومت کو اس کی کوئی فکر نہیں۔

اپنے خطاب میں بلاول نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت نے ملک کو بدترین اقتصادی صورت حال میں دھکیل دیا، پاکستان کی معیشت دیوالیہ ہونے کی نہج پر پہنچ چکی، جب ایک نااہل کو حکومت سونپ دی جائے گی تو ملک تباہی کی ایسی ہی صورت حال سے دوچار ہوگا، پی ٹی آئی حکومت میں ہر گزرتا دن ملک کو سیاسی و اقتصادی تباہی کی جانب دھکیل رہا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ ملک کی اقتصادی صورت حال اتنی تباہ حال ہوچکی ہے کہ بحالی کی کوششیں بھی اس صورت حال کو آسانی سے بہتر نہیں کرسکتیں۔ اجلاس کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم مستعفی ہوں، پوری قوم سے اپنی غلطیوں کی معافی مانگیں اور ملک سے چلے جائیں، اجلاس میں دیگر مختلف سیاسی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button