سنی دیول کے چھوٹے بیٹے کی بھی فلموں میں انٹری

ممبئی: بالی ووڈ اداکار سنی دیول کے بڑے بیٹے کرن دیول کے بعد اب چھوٹے بیٹے راج ویر دیول بھی بالی ووڈ میں انٹری کی تیاریوں میں ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنی دیول کے چھوٹے بیٹے راج ویر دیول بھارتی پروڈکشن کمپنی راج شری پروڈکشنز کے آنے والے پراجیکٹ سے فلموں میں انٹری دیں گے۔ بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار اور سنی دیول کے والد دھرمیندرا نے سوشل میڈیا پر اپنے پوتے کو متعارف کراتے ہوئے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ ان کے چھوٹے پوتے کو بھی محبت دیں۔

راج ویر دیول بھارت کے معروف ہدایت کار، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر سورج برجاتیا کے بیٹے اویناش برجاتیا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم سے ڈیبیو کرنے جارہے ہیں۔ اویناش برجاتیا بھی اسی فلم سے ہدایت کاری کے میدان میں قدم رکھ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سنی دیول کے بڑے بیٹے کرن دیول بھی دوسال قبل فلموں میں قدم رکھ چکے ہیں۔ انہوں نے 2019 میں اپنے والد کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم’’پل پل دل کے پاس‘‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں انٹری دی تھی۔ تاہم ان کی فلم باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہیں ہوسکی تھی اور اس فلم کے بعد کرن دیول کسی اور پراجیکٹ میں بھی نظر نہیں آئے۔

کرن دیول نے بھی اپنے چھوٹے بھائی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا سینما کی دنیا میں ایک حیرت انگیز سفر کا آغاز۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے بھائی کی کامیابی کے لیے دعا کی۔

فلموں میں اداکاری کرنے سے قبل راج ویر دیول بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کرچکے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کار فیروز عباس خان کی ٹریننگ میں کام کیا تھا۔

راج ویر دیول کے بارے میں بات کرتے ہوئے اویناش برجاتیا نے کہا راج ویر اپنی آنکھوں سے بولتے ہیں وہ بہت محنتی ہیں۔ ہم جتنا اپنے پراجیکٹ کے بارے میں بات کرتے رہے میں اتنا ہی راج کو اپنی فلم میں مرکزی اداکار کی حیثیت سے دیکھتا رہا۔

فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ فلم آج کے دور کی محبت اور تعلقات کے گرد گھومتی ہے ۔ فلم کی شوٹنگ رواں سال جولائی میں شروع ہونے کی توقع ہے جب کہ 2022 میں اس کی ریلیز متوقع ہے۔ فلم کی ٹیم نے ابھی تک مرکزی اداکارہ کے بارے میں تفصیلات ظاہر نہیں کی ۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button