دنیا کی سب سے پہلی ٹویٹ 45 کروڑ روپے میں نیلام

سلیکان ویلی: ٹوئٹر کے بانی اور سربراہ جیک ڈورسی نے دنیا کی سب سے پہلی ٹویٹ 29 لاکھ ڈالر (45 کروڑ 38 لاکھ پاکستانی روپے) میں نیلام کردی ہے۔

صرف پانچ الفاظ پر مشتمل، یہ تاریخی ٹویٹ خود جیک ڈورسی نے 21 اور 22 مارچ 2006 کی درمیانی شب، ٹوئٹر سروس کا آغاز کرتے ہوئے کی تھی۔

ڈورسی نے ’’اصل ڈیجیٹل اثاثوں‘‘ کی محفوظ خرید و فروخت یقینی بنانے میں استعمال ہونے والی جدید ترین بلاک چین ٹیکنالوجی ’’نان فنجیبل ٹوکن‘‘ (این ایف ٹی) کی مدد سے اس ٹویٹ پر ڈیجیٹل دستخط کیے اور اسے نیلامی کےلیے ’’ویلیوایبلز‘‘ نامی ویب سائٹ پر رکھ دیا۔

یہ ویب سائٹ ایسی تصدیق شدہ ٹویٹس فروخت کرتی ہے جن پر ان کے اصل تخلیق کاروں کے ڈیجیٹل دستخط ہوتے ہیں، جو اِن ٹویٹس کے اصل/ حقیقی ہونے کا ثبوت ہوتے ہیں۔

ڈورسی کی ٹویٹ ’برج اوریکل‘ نامی کمپنی کے سربراہ، سینا ایسٹاوی نے ایک سخت مقابلے کے بعد 29 لاکھ ڈالر کی بولی لگا کر خرید لی۔

جیک ڈورسی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹویٹ کی فروخت سے ملنے والی رقم وہ افریقہ میں غریبوں کی فلاح و بہبود پر کام کرنے والی تنظیم ’’گیو ڈائریکٹلی‘‘ کو عطیہ کریں گے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button