زیادہ میٹھا کھانے سے جگر میں چکنائی بھی دگنی ہوجاتی ہے، تحقیق

زیورخ: سوئٹزرلینڈ کے سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ زیادہ میٹھا کھانے والوں میں جگر کی چکنائی بھی دگنی ہوجاتی ہے جس سے مستقبل میں انہیں صحت کے کئی مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔

جگر عام حالات میں غذائی چکنائی کے علاوہ پروٹین اور کاربوہائیڈریٹس کو توڑنے کے علاوہ مختلف الاقسام چکنائیاں بناتا بھی ہے جن میں کولیسٹرول بھی شامل ہے۔

شکر کا زیادہ استعمال جگر کی کارکردگی کو متاثر کرتا ہے اور اس سے چکنائی کی پیداوار میں اضافہ کردیتا ہے۔
واضح رہے کہ عام شکر (سکروز) دو طرح کی شکریات یعنی ’’گلوکوز‘‘ اور فرکٹوز‘‘ پر مشتمل ہوتی ہے۔

ماضی میں کی گئی تحقیق سے معلوم ہوچکا ہے کہ فرکٹوز کی زیادتی سے جگر میں چکنائی کو توڑنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے اور، اس کے برعکس، وہ اپنے اندر چکنائی کا ذخیرہ کرنے لگتا ہے۔

یہی تحقیق آگے بڑھاتے ہوئے سوئٹزرلینڈ میں زیورخ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے جگر پر فرکٹوز کے اثرات جاننے کےلیے مطالعہ کیا۔

اس مطالعے کےلیے 18 سے 30 سال کے 94 صحت مند لڑکے/ آدمی بھرتی کیے گئے جنہیں 4 گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔

ان میں سے تین گروپوں کو چند دن تک روزانہ فرکٹوز، گلوکوز اور سکروز کی تقریباً 80 گرام مقدار استعمال کرائی گئی جو مشروبات (بالعموم سافٹ ڈرنک) میں حل تھی۔ (کولا سافٹ ڈرنک کے دو ڈبوں میں 710 ملی لیٹر مشروب ہوتا ہے جبکہ شکر کی مقدار 80 گرام کے لگ بھگ ہوتی ہے۔)

چوتھے یعنی ’’کنٹرول گروپ‘‘ میں شکر کا محفوظ اور صحت مند استعمال جاری رکھا گیا۔

ہر گروپ میں شامل رضاکاروں کو پابند بنایا گیا کہ وہ پورے مطالعے کے دوران، 7 ہفتوں تک، روزانہ کم از کم 25 منٹ کی جسمانی مشقت/ ورزش کرتے رہیں۔

مطالعے کے اختتام پر معلوم ہوا کہ روزانہ صرف 80 گرام اضافی شکر (بشمول فرکٹوز اور گلوکوز) استعمال کرنے والوں کے جگر میں چربی کی مقدار، محتاط انداز سے شکر لینے والوں کے مقابلے میں دگنی تھی؛ حالانکہ وہ روزانہ 25 منٹ یا زیادہ وقت تک جسمانی مشقت/ ورزش بھی کررہے تھے۔

نتائج کا ایک اور تشویش ناک پہلو یہ بھی سامنے آیا کہ اگر غذا میں شکر کی مقدار کم کردی جائے تب بھی زیادہ شکر استعمال کرنے کے منفی اثرات لمبے عرصے تک برقرار رہتے ہیں۔

آن لائن تحقیقی مجلے ’’جرنل آف ہیپاٹولوجی‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں میٹھے کا شوق رکھنے والوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ شکر کے استعمال میں تھوڑا سا اضافہ بھی شدید اور دور رس اثرات کو جنم دیتا ہے جن سے چھٹکارا پانا مشکل ہوسکتا ہے۔

بتاتے چلیں کہ امریکن ہارٹ فاؤنڈیشن کے مطابق مردوں کو روزانہ زیادہ سے زیادہ 37.5 گرام اضافی شکر استعمال کرنی چاہیے جبکہ خواتین کےلیے یہ مقدار 25 گرام یومیہ ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button