شعیب اختر کو سی ای او کے ’’اختیارات‘‘ کی فکر ستانے لگی

لاہور: شعیب اختر کو وسیم خان کے اختیارات کی فکر ستانے لگی، سابق ٹیسٹ کرکٹر کاکہنا ہے کہ چیف ایگزیکٹیو پی سی بی کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہاکہ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کرکٹ کیلیے بہترین کام کر رہے ہیں لیکن ان کے ہاتھ بندھے ہیں، جب تک اوپر اوسط درجے کا شخص ہوگا، فیصلے بھی اسی طرح ہوں گے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ دورئہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلیے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اچھے اسکواڈ کا انتخاب کیا مگر آل راؤنڈر عماد وسیم کا ڈراپ ہونا نہیں بنتا، ان کی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں جگہ بنتی تھی، پی ایس ایل ہماری اپنی لیگ اوراس سے سامنے آنے والے ٹیلنٹ کو مواقع دینا اچھی بات ہے لیکن شاہنواز دھانی کو فرسٹ کلاس میں تجربہ حاصل کرنا چاہیے۔
شعیب اخترنے کہاکہ امید ہے پاکستان اور بھارت کی سیاسی کشیدگی کم ہونے سے کرکٹ بحال ہوجائے گی،اس میں دونوں ملکوں کا فائدہ ہے لیکن ہمیں کوشش کرنا چاہیے کہ ہماری کرکٹ اتنی مضبوط ہو کہ کسی کی ضرورت نہ رہے۔

انھوں نے کہا کہ کشمیر لیگ کروانے کا فیصلہ بڑا اچھا ہے مگر ایسا نہ ہوکہ اس کے معاملات خراب شہرت کے حامل لوگ کے ہاتھ میں آئیں اور ایونٹ چل نہ پائے،بہرحال اس نوعیت کے مقابلے کروانے سے اگر پاکستان کے نوجوان کرکٹرز کو حلال کی کمائی کا اچھا موقع ملتا ہے تو کوئی خرابی نہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button