عالمی ادارہ صحت نے ایک ٹیکے والی جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین کی منظوری دیدی

جنیوا: عالمی ادارہ صحت نے صرف ایک ٹیکے والی جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین کی بھی ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے فائزر اور آسٹرازینیکا کے بعد جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین کی بھی منظوری دیدی ہے جب کہ اسی ماہ چین کی سینوفارم اور سینو ویک کے ساتھ ساتھ موڈرنا کی ویکسین کی بھی منظوری کا امکان ہے۔

اب تک جتنی بھی کورونا ویکسنز زیر استعمال ہیں وہ ساری دو ٹیکوں پر مشتمل ہیں جب کہ جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین پہلی ویکسین ہے جو صرف ایک خوراک پر مشتمل ہے یعنی اس کا ایک ہی ٹیکہ مہلک وائرس سے بچاؤ کے لیے کافی ہوگا۔
جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین کو فائزر اور موڈرنا کی ویکسینز پر اس لحاظ سے بھی امتیاز حاصل ہے کہ اس ویکسین کو فریج کے عام درجہ حرارت میں 3 ماہ تک محفوظ رکھاجاسکتا ہے۔ اس طرح اس ویکسین کی دنیا بھر میں ترسیل آسان اور محفوظ رہے گی۔

ٹرائل کے اعداد و شمار کے مطابق جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین معتدل اور شدید علامات میں 66 فیصد تک مؤثر ثابت ہوئی تھی جب کہ شدید علامات میں افادیت 85 فیصد تک پائی گئی تھی اور جنوبی افریقا میں سامنے آنے والی کورونا کی نئی قسم کے خلاف 57 فیصد تک کامیاب تھی۔

جانسن اینڈ جانسن کو دو روز قبل ہی یورپی یونین کی میڈیکل ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے منظوری دی جا چکی ہے۔ عالمی ادارہ صحت سے منظوری کے بعد کمپنی دنیا بھر کے غریب اور ترقی پذیر ممالک کو ویکسین کی فراہمی کے پروگرام ’’کوویکس‘‘ کو رواں برس جولائی تک 50 کروڑ اضافی خوراکیں فراہم کرے گا۔

عالمی ادارہ صحت اور یورپی ممالک سے قبل ہی جانسن اینڈ جانسن کی ایک ٹیکے والی کورونا ویکسین کو امریکا، کینیڈا اور جنوبی افریقا کی میڈیسن ریگولیٹری اتھارٹی نے منظوری دیدی تھی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button