میری فتح کا کریڈٹ وزیراعظم کو جاتا ہے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ میری فتح کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے نومنتخب چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، ڈپٹی چیرمین مرزا آفریدی، حکومتی و اتحادی جماعتوں کے وزرا اور سینیٹرز بھی ظہرانے میں شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی طرف سے دیے گئے ظہرانے میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ کل کا جوش و جذبہ قابل دید تھا، ہرکوئی ایک ایک ووٹ گن رہا تھا، ایسی خوشی پہلے نہیں دیکھی جو کل تھی، میں مسلم لیگ (ق) ، جی ڈی اے اور ایم کیو ایم کا بھی شکر گزار ہوں،یقین دلاتا ہوں سب کو ساتھ لے کر پہلے سے زیادہ خدمت کریں گے۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ پچھلی بار بھی وزیراعظم عمران خان نے مہربانی کی، میں اپنی پارٹی اور بلوچستان کی عوام کی طرف سے مشکور ہوں، غیر جانبدار ہوکر سب کو ساتھ لیکر چلیں گے،میری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، میں سب کو برابری کا موقع دوں گا کہ وہ اپنے علاقے کے مسائل اجاگر کریں اور مسائل حل کر سکیں، صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ ڈپٹی چیئرمین بھی فاٹا سے آیا اس پر بھی ان کا شکر گزار ہوں، عمران خان نے بہت بڑی قربانی دی۔

نومنتخب ڈپٹی چئیرمین سنیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا وزیراعظم عمران کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں ، ووٹ دینے پر حکومتی و اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ مستقبل کے چیلنجز کا اسی طرح سامنا کریں گے جیسے سینیٹ میں کیا، وقت آگیا ہے، پاکستان کے استحکام کے لیے کوششیں کریں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button