چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں انشاءاللہ ہم کامیاب ہوں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات سے ظاہر ہوگیا کہ ہم اخلاقی تنزلی کا شکار ہورہے ہیں۔

اپنی ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نےفرمایا کہ تم سے پہلے بہت سی اقوام اس لئے تباہ ہوئیں کیوں کہ ان میں طاقتور کے لیے الگ اور کمزور کے لیے الگ قانون تھا، تاریخ گواہ ہے کہ اخلاقی گراوٹ اوربدعنوانی نے ریاستوں کوتباہ کردیا،اخلاقی اقدارکے بغیر ریاستیں انصاف فراہم نہیں کرسکتیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انصاف اور قانون کی حکمرانی کے بغیر ریاستیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتی ہیں، ریاستیں اخلاقی اقدار کھو دیں تو طاقتورمجرموں کے ساتھ این آر او جیسے معاہدوں کا سہارا لیا جاتا ہے، سینیٹ انتخابات سے ظاہر ہوا کہ ہم اخلاقی تنزلی کا شکار ہورہے ہیں۔
علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے نومنتخب سینیٹرز کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے پہلے ڈھائی سال پارلیمنٹ میں اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے قانون سازی میں مشکلات پیش آئیں، امید ہے سینیٹ میں اکثریت کے بعد ہمارے لیے قانون سازی آسان ہوگی، پرانے نظام کی تبدیلی بغیر قانون سازی کے ممکن نہیں، اگلے دو سال میں ہماری پوری توجہ عوامی مفاد کی قانون سازی پر ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری ترجیحات عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، مہنگائی سمیت تمام مسائل سے آگاہ ہوں، ہم نے معیشت کو ٹریک پر کھڑا کر دیا، معیشت کا ڈھانچہ ٹھیک نہ ہو تو وقتی ریلیف کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا، ہم ملک کو ایسا نظام دینا چاہتے ہیں جو دیرپا اور نتیجہ خیز ہو، مگر ایک پرانے نظام کو ختم کرکے نیا سسٹم لانے میں وقت لگتا ہے۔

عمران خان نے سینیٹرز سے گفتگو میں ووٹ ڈالنے کے طریقہ پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ اتحادیوں کے تحفظات سے آگاہ ہوں، انہیں مایوس نہیں کریں گے، اب بھی ہمارے سینیٹرز کے ساتھ رابطے کیے جارہے ہیں، ہم نے نظام کو شفاف بنانا ہے تاکہ کرپشن کی گنجائش نہ ہو، انشاءاللہ ایوان بالا میں ہم کامیاب ہوں گے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button