حکومت کا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے 4 ناموں پر غور

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے صادق سنجرانی کو نامزد کرنے کے بعد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے ناموں کا اعلان آج کیا جائے گا۔

وزیراعظم کے قریبی ذرائع نئے بتایا کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر حکمران جماعت کے لیے امیدوار کے لیے 4 ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔

جن افراد کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے ان میں سیف اللہ نیازی، اعجاز چوہدری، مرزا آفریدی اور عون عباس شامل ہیں تاہم نامزد فرد کے نام کا اعلان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے 12 مارچ کو ہونے والے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کی جانب سے 26 مارچ کو دھرنے پر بات چیت کے لیے کور کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ‘حکومت نے ارادتاً ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کی جگہ خالی رکھی تا کہ نہ صرف حکومت کی اتحادی جماعتوں بلکہ اس معاملے پر بارگیننگ کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو بھی راغب کیا جاسکے۔

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب حکومت کے لیے خاصہ مشکل لگ رہا ہے کیوں کہ ایوانِ بالا میں اپوزیشن اراکین کو اکثریت حاصل ہے۔

چنانچہ 12 مارچ کو حکومت کے لیے یہ انتخاب جیتنا اس وقت تک ممکن نہیں جب تک کچھ اپوزیشن اراکین حکومت کو ووٹ نہ دیں یا خفیہ بیلٹ کے دوران اپنے ووٹ ضائع نہ کردیں۔

اس وقت ایوانِ بالا میں 99 اراکین موجود ہیں ان میں مسلم لیگ (ن) کے خودساختہ جلاوطنی اختیار کرنے والے رہنما اسحٰق ڈار شامل نہیں جنہوں نے اپنی نشست کا حلف بھی نہیں اٹھایا تھا۔

ان 99 اراکین میں 47 کا تعلق حکمران اتحاد جبکہ 52 کا اپوزیشن جماعتوں سے اور اگر جماعت اسلامی کے واحد سینیٹر گزشتہ ہفتے قومی اسمبلی میں انتخاب کی طرح ووٹ ڈالنے نہیں آئے تو اس وقت بھی اپوزیشن کے پاس 4 ووٹوں کی برتری ہوگی۔

تاہم 3 سال قبل جب اپوزیشن کے پاس حکمراں اتحاد سے 26 نشستیں زیادہ تھیں اس وقت بھی صادق سنجرانی نہ صرف چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے بلکہ جب اپوزیشن نے ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لا کر انہیں ہٹانا چاہا اس وقت بھی وہ اپنا عہدہ بچانے میں کامیاب رہے تھے۔

خیال رہے کہ سینیٹ الیکشن ایوان کے نصف اراکین کے انتخاب کے لیے ہر 3 سال بعد ہوتے ہیں، ہر رکن کی مدت 6 سال ہے جبکہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو 3 سال کے لیے چنا جاتا ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا عبدالغفور حیدری کو نامزد کیا گیا ہے۔

رواں ماہ 3 مارچ کو اپوزیشن کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے حکومتی امیدوار عبدالحفیظ شیخ کو سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی نشست پر شکست دے دی تھی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button