دنیا افغانستان کو انسانی المیے سے بچانے کیلیے ذمہ داری پوری کرے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اپیل کی ہے کہ افغانستان کو انسانی المیے سے بچانے کے لیے عالمی برادری اپنی ذمہ داری پوری کرے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں ہمیشہ افغان عوام کے ساتھ کھڑا رہا، افغان وزیرخارجہ اور وفد کو یقین دلایا ہے کہ افغان بھائیوں کی انسانی ضروریات پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغان عوام کے لیے ہم خوراک، ادویات اور شیلٹرز بھجوا رہے ہیں، افغان بارڈر سے پاکستان آنے والے شہریوں کو مفت کوویڈ ویکسین لگائی جا رہی ہے، افغانستان کو انسانی المیے سے بچانے کے لیے عالمی برادری اپنی ذمہ داری پوری کرے۔
امن وامان سے متعلق اہم اجلاس
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء سمیت عسکری حکام بھی شریک ہوئے، اجلاس میں امن و امان کی صورتحال ، بارڈر مینجمنٹ، اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور فینسنگ پر بریفنگ دی گئی، افغانستان سے بارڈر کے راستے پاکستان آمدورفت اور سییکیورٹی امور کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ جب کہ وزیر اعظم نے امن و امان کے قیام کے لئے ضروری ہدایات بھی دیں۔