کپتان سے بلا چھن گیا، انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے جس میں قرار دیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کروانے میں ناکام رہی ہے۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نےفیصلہ سنایا۔ انٹراپارٹی الیکشن کیس کافیصلہ اکرام اللہ خان نے تحریر کیا ہے۔پشاور ہائیکورٹ نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کو جمعہ (آج) اس کیس کا فیصلہ دینے کا حکم دیا تھا۔گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان کے کیس کا قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔ بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو بلے کا نشان نہیں ملا تو خدشہ ہے ہمارے امیدوار آزاد تصور ہوں گے۔ بانی پی ٹی آئی کی نا اہلی معطل ہو چکی اور وہ انتخابات لڑیں گے۔