آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے شفاف انعقاد کیلئے فوج کی تعیناتی کی منظوری
اسلام آباد: آزادکشمیر نے 25جولائی کو عام انتخابات کے آزادانہ وشفاف انعقاد کے لئے فوج اور پولیس کی نفری مانگ لی۔
محکمہ داخلہ آزادکشمیر کی درخواست پر وزارت داخلہ نے 40ہزار اہلکاروں کی انتخابات میں تعیناتی کرنے کے لئے سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کردی، جس کی منظوری سرکلر سمری کے ذریعے رات گئے لے لی گئی۔
فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 4ہزار اہلکار ،پاکستان رینجرز 2ہزار اہلکار،پاک فوج کے 19ہزار جوان، کے پی پولیس کے 4ہزار ،پنجاب پولیس 6ہزار ،وفاقی پولیس کے ایک ہزار اہلکار ،پنجاب کانسٹینلری کے 4ہزار اہلکار انتخابات میں ڈیوٹی سرانجام دینگے ۔
اس کے ساتھ ساتھ پاکستان آرمی اورسول آرمڈ فورسزکے ٹروپس الیکشن کمیشن آزادکشمیر کے ماتحت ڈیوٹی سرانجام دینگے۔ خیبرپختونخوا، پنجاب اور وفاقی پولیس سمیت پنجاب کانسٹیبلری کے اہلکار حکومت آزادکشمیر کے ماتحت الیکشنز میں ڈیوٹیاں سرانجام دینگے ۔
پاکستان رینجرز کے 1600 اہلکار انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات کئے جائیں گے ۔پاک فوج کے دستے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سٹینڈبائیپوزیشن پر رہیں گے ۔فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 4ہزار اہلکار آزادکشمیر حکومت کے ماتحت الیکشن ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔