بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلسل بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کر رہاہے ، حریت کانفرنس

سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت غیر قانونی طور پرزیر قبضہ جموں و کشمیر میں بین الاقوامی قانون اورمعاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی بھارتی حکومت نے 05اگست 2019کو مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت منسوخ کر کے کشمیریوں کو بین الاقوامی قانون کے تحت حاصل تمام بنیادی حقوق سے محروم کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ 77برس سے کشمیریوں کو یرغمال بنا کے انکے حقوق سلب کر رکھے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس عرصے کے دوران جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو طول دینے کیلئے ہزاروں کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جنگی جرائم کے زمرے میںآتی ہیں ۔حریت ترجمان نے کہا کہ خاص طور پر بی جے پی بھارتی حکومت کی طرف سے اگست 2019میں مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے کشمیریوں کے خلاف بھارتی قابض فوجیوں کے جرائم میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے واضح کیاکہ کہ بھارت اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کیلئے مسلسل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔عبدالرشید منہاس نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارت نام نہاد جمہوریت اور سیکولرازم کی آڑ میں بے گناہ کشمیریوں کو مسلسل انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فورسز کے اہلکار مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر دیرینہ عالمی تنازعات میں سرفہرست ہے جس کی وجہ سے جنوبی ایشیاء کے خطے میں امن و استحکام کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے تاکہ خطے میں امن و استحکام کویقینی بنایا جاسکے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button