بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 2 کشمیری نوجوان شہید
سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی جس کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا اور داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے شہریوں کو گھروں میں محصور کردیا گیا۔
قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گھر میں اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو نوجوان شہید ہوگئے۔ پولیس نے نوجوانوں کو عسکریت پسند ثابت کرنے کے لیے جعلی مقابلے کا ڈھونگ رچایا۔
اہل محلہ کے مطابق شہید ہونے والے دونوں نوجوان طالب علم تھے۔ بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔
اہل محلہ اور شہید نوجوانوں کے لواحقین نے لاشیں نہ دینے پر شدید احتجاج کیا اور بھارتی فوج کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے جدو جہد آزادیٔ کشمیر کے حق میں بھی نعرے لگائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 18 کشمیری نوجوانوں نے جام شہادت نوش کی تھی جب کہ 4 خواتین کی آبروریزی کی گئی تھی۔