سمندری طوفان ’تاؤ تے‘ بھارت کے ساحل سے ٹکرا گیا،21 افراد ہلاک
ممبئی: بھارتی ریاست گجرات میں سمندری طوفان تاؤتے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کو 30 سال کے بدترین سمندری طوفان کا سامنا ہے، 185 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والا طاقتور طوفان ’تاؤتے‘ بھارتی ریاست گجرات سے ٹکرایا تو سمندر میں 10 فٹ اونچی لہریں پیدا ہوئیں اور بارشوں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔
طوفان کے باعث گجرات کے ساحلی علاقوں سے 2 لاکھ افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی جب کہ مختلف حادثات میں 21 افراد ہلاک ہوگئے اور 100 سے زائد لاپتہ ہیں۔ لاپتہ ہونے والوں میں اکثریت ماہی گیروں کی ہے جو طوفان کے وقت سمندر میں موجود تھے۔
دوسری جانب ممبئی کے سمندر میں 273 افراد لاپتہ ہوگئے جن میں اکثریت ماہی گیروں کی ہے،بھارتی بحریہ کےدو جہازوں نے ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن کے دوران 148 کو بحفاظت نکال لیا۔
ادھر طوفان نے کیرالہ، راجستھان اور ممبئی کے ساحلی علاقوں میں بھی نقصان پہنچایا۔ ان ریاستوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کیرالہ میں 1500 مکانات تباہ ہوگئے جب کہ راجستھان میں درخت جڑ سے اکھڑ کو گھروں پر گرنے سے کئی افراد زخمی ہوگئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تاؤتے کا زور اب ٹوٹ گیا ہے تاہم شہری بلا ضرورت ساحلی علاقوں کا رخ نہ کریں اور ماہی گیر بھی سمندر میں جانے سے گریز کریں۔