افغانستان میں بم دھماکے اور ہیلی کاپٹر گرنے سے 5 اہلکاروں سمیت 12 افراد ہلاک
کابل: افغان آرمی کا ہیلی کاپٹر گرنے اور بس پر بم دھماکے کے نتیجے میں 5 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے۔
افغان وزارت دفاع کے مطابق صوبے میدان وردک میں فوجی ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 کریش لینڈنگ کے باعث تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 5 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
افغان ذرائع کے مطابق 4 فوجی ہیلی کاپٹرز ضلع بہسود میں سامان اور کھانے کے اشیاء لیکر جارہے تھے تاہم لینڈنگ کے دوران نامعلوم افراد نے راکٹ فائر کیا جس کی وجہ سے ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تاہم ابھی تک حکام نے راکٹ حملے کی تصدیق نہیں کی ہے۔
دوسری جانب دارالحکومت کابل میں سرکاری ملازمین کی بس کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جس کے باعث 3 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے جن کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ دھماکے کی ذمہ داری کسی بھی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔