اسرائیلی طیاروں کی شام پر بمباری میں 8 اہلکار ہلاک
دمشق: اسرائیل کے جنگی طیاروں نے شام میں حکومت کے اتحادی جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کے لڑاکا طیاروں نے لبنان سے پرواز بھری اور دمشق کے ایک علاقے پر بمباری کی۔ شامی دفاعی نظام کی بروقت ردعمل کے باعث اسرائیلی طیارے پسپا ہونے پر مجبور ہوگئے۔
شام کی جانب سے اسرائیلی طیاروں کے حملے میں جانی نقصان سے متعلق کچھ نہیں بتایا تاہم شام میں انسانی حقوق کی نگرانی کرنے والے ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی حملے میں حکومتی حمایت یافتہ 8 جنگجو ہلاک ہوگئے۔
شامی آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی بمباری میں ہلاک ہونے والوں میں شامی فوج کے 3 اہلکار اور حکومتی حمایت یافتہ عسکریت پسند تنظیم کے 5 جنگجو شامل ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے اس حملے کے بارے میں کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا تاہم اسرائیلی طیارے شام پر متعدد حملے کر چکے ہیں جس کے لیے وہ لبنان کا فضائی راستہ استعمال کرتے ہیں۔