لیبیا میں فوجی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 2 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی
بیروت: لیبیا کے شہر سبھا میں ایک سیکیورٹی پوسٹ پر خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لیبیا کے جنوبی شہر سبھا کی چیک پوسٹ پر تیز رفتار گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تاہم ڈرائیور نے گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرادی۔
گاڑی کے چیک پوسٹ سے ٹکراتے ہی زور دار دھماکا ہوا جس میں 2 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں سے 2 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خود کش حملہ آور کی شناخت کے لیے جائے وقوعہ سے ملنے والے اس کے اعضا کے ٹکڑوں کو فرانزک لیب بھیجا جائے گا۔
لیبیا میں شدت پسند گروہ حکومت کے خلاف پُرتشدد کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ حزب اللہ بھی کافی متحرک ہے تاہم کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔