پاکستان نے افغانستان کیلیے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دیدی، امریکا
واشنگٹن: امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے امریکی افواج کو افغانستان تک رسائی دینے کے لیے اپنی فضائی اور زمینی حدود استعمال کرنے کی اجازت دیدی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی نائب وزیردفاع برائے انڈو پیسفیک افیئرز ڈیوڈ ایف ہیلوے نے امریکی آرمڈ سروسز کمیٹی کو بریفنگ میں دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں موجودگی برقرار رکھنے کے لیے پاکستان نے امریکی افواج کو اپنی سرزمین کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔
ڈیوڈ ایف ہیلوے نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ افغانستان میں قیام امن اور فریقین کے درمیان مذاکرات کے لیے پاکستان کا کردار بہت اہم رہا ہے اس لیے امریکا خطے بالخصوص افغانستان میں امن اور ترقی کے لیے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری رکھے گا۔
واشنگٹن میں سفارتی ذرائع نے ڈان ڈاٹ کوم کو بتایا کہ پاکستان نے افغانستان میں اپنی فوجی موجودگی کو آسان بنانے کے لیے امریکا کو ہمیشہ اوور فلائٹ اور زمینی رسائی کی اجازت دی ہے اور اب بھی جاری رکھے گی۔
واضح رہے کہ جوبائیڈن نے یکم مئی سے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ 11 ستمبر تک غیرملکی فوج کے انخلا کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔