بھارت میں افغان اجلاس : پاکستان کے بعد چین کا بھی شرکت سے انکار
نئی دہلی: بھارت کو ایک بار پھر اُس وقت سفارتی سطح پر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا جب پاکستان کے بعد چین نے بھی افغانستان کی صورت حال پر ہونے والے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان کے بعد چین نے بھی بھارت میں افغانستان کی بدلتی ہوئی صورت حال پر ہونے والے ’دہلی ریجنل سیکیورٹی ڈائیلاگ‘ میں عین موقع پر شرکت سے معذرت کرلی۔
بھارت کی میزبانی میں مختلف ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں اور سلامتی کونسلوں کے سیکرٹریز کا اجلاس کل 10 نومبر کو ہوگا جس کی سربراہی بھارت کے مشیر قومی سلامتی اجیت ڈوول کریں گے۔
تاہم پاکستان اور چین کے انکار کے بعد اب یہ اجلاس محض 7 ممالک اجلاس رہ گیا ہے جس میں روس، ایران، قازغستان، کرغز جمہوریہ، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے مشیران قومی سلامتی شرکت کریں گے۔
بھارت نے اس اجلاس میں پاکستان کو بھی مدعو کیا تھا لیکن پاکستان نے ابتدا ہی میں دعوت یہ کہہ کر ٹھکرا دی تھی کہ بھارت خطے کے حالات خراب کرنے میں پیش پیش ہے وہ کیسے کوئی امن اجلاس کرسکتا ہے۔
پاکستان کے بعد اب چین نے بھی اجلاس شروع ہونے سے محض ایک دن پہلے شرکت سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند مصروفیات کی بنا پر اجلاس میں شرکت ممکن نہیں تاہم افغان مسئلے پر بات چیت جاری رہے گی۔