جلال آباد میں طالبان کی گاڑی پر ایک اور حملہ، ہلاکتیں
جلال آباد: افغانستان کے صوبے ننگرہار میں گشت پر مامور طالبان کی گاڑی سڑک کنارے نصب بم کی زد آگئی جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ننگرہار کے شہر جلال آباد کی مرکزی شاہراہ پر اُس وقت زوردار دھماکا ہوا جب وہاں سے گشت پر مامور طالبان کی گاڑی گزر رہی تھی۔
ترجمان طالبان محمد نعیم کی جانب سے جاری بیان میں جلال آباد میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور 8 زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والا شخص محکمہ بلدیہ کا ملازم تھا۔
دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں طالبان اہلکار بھی شامل ہیں۔ اسپتال ذرائع نے بھی دو افراد کی ہلاکت اور 8 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر اور خبروں میں بھی طالبان کے 3 جنگجوؤں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے تاہم طالبان کی جانب سے اس کی نہ تو تردید اور نہ ہی تصدیق کی گئی۔
ادھر ہرات میں طالبان نے مغوی باپ اور بیٹے کو بازیاب کرالیا جب کہ چاروں اغوا کار مقابلے میں مارے گئے۔ دوسری جانب جلال آباد میں چار تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں۔
واضح رہے کہ طالبان کا افغانستان کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے بعد سے اب تک جلال آباد میں طالبان سیکیورٹی اہلکاروں پر تین بار حملے کیے جا چکے ہیں۔